dawood ibrahim 6

انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اکلوتے بیٹے کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اپنے اکلوتے بیٹے کے مذہب کی جانب رجحان کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا۔
بھارت میں خوف کی علامت سمجھا جانے والا انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم بے پناہ دولت اور طاقت کے باوجود ذہنی تناؤ کا شکار ہے ۔ اس کی وجہ ان کا 31 سالہ اکلوتا بیٹا معین نواز کاسکر ہے جو حالیہ عرصہ تک تجارتی امور میں معاونت کررہا تھا لیکن اچانک مذہبی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سختی سے عمل پیرا ہونے کا فیصلہ کرلیا اور اب وہ ’مولانا معین نواز کاسکر‘ کے نام سے جانا جارہا ہے۔
تھانے ایکسٹورشن سیل کے سربراہ پردیپ شرما کے مطابق زیرحراست داؤد ابراہیم کے چھوٹے بھائی اقبال کاسکر نے انکشافات کئے ہیں کہ ان کا بھائی داؤد ابراہیم اس وقت ذہنی تناؤ کا شکار ہے جس کی وجہ ان کے اکلوتے بیٹے معین نواز کاسکر ہیں جو اپنے والد کی غیرقانونی سرگرمیوں کے سخت مخالف ہیں کیونکہ مافیا ڈان ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں خاندان کی بدنامی ہورہی ہے۔
داؤد ابراہیم کو یہ فکر لاحق ہے کہ ان کے مرنے کے بعد انڈر ورلڈ کا ذمہ دار کون ہوگا اور ان کی خطیر دولت کس کے ہاتھ میں جائے گی۔ داؤد ابراہیم کے چھوٹے بھائی اقبال ابراہیم کاسکر بھتہ خوری کے مقدمات میں گرفتار ہیں، اس کے علاوہ ایک اور بھائی انیس ابراہیم کاسکر کی عمر بہت زیادہ ہوچکی ہے اور ان کی صحت بھی خراب ہے جبکہ دیگر بھائیوں کا انتقال ہوگیا ہے۔
داؤد ابراہیم کے اکلوتےبیٹےمعین نوازکاسکرجو اس وقت اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ مسجد انتظامیہ کی جانب سے فراہم کئے گئے چھوٹے سے کوارٹرمیں زندگی گزاررہے ہیں اور مذہبی تعلیم و تدریس میں مصروف ہے جبکہ وہ نماز کی امامت بھی کرتے ہیں ۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں