tehmina 4

ممبئی حملہ کیس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ممبئی حملہ کیس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوگئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ممبئی حملہ کیس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوگئی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل بھی عدالت پہنچ گئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت نے حکومت سے بھارتی گواہوں سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔
15 نومبر کو پچھلی سماعت میں عدالت نے کیس میں 27 بھارتی گواہوں کے بیانات قلمبند نہ ہونے پر ایف آئی اے کے ڈائریکٹر پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ ایف آئی اے ڈائریکٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزارت داخلہ و خارجہ ممبئی حملہ کیس سے متعلق 2 کانفرنسز کرچکے ہیں، امید ہے معاملہ جلد ہوجائے گا۔ اس پر عدالت نے وزارت داخلہ اور خارجہ کے سیکریٹریز کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 26 نومبر 2008 کو بھارت کے شہر ممبئی میں دہشت گردی کے حملوں میں 22 غیر ملکیوں سمیت 195 افراد ہلاک اور 127 زخمی ہوگئے تھے۔ بھارتی حکومت نے ممبئی حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔ بھارت نے کہا کہ عسکریت پسند حملے کے لیے سمندر کے راستے کشتی کا سفر طے کر کے آئے تھے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں