17

اپوزیشن نے فاٹا بل پیش ہونے تک قومی اسمبلی کا مستقل بائیکاٹ کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن نے فاٹا اصلاحات بل پیش کرنے تک قومی اسمبلی کا مستقل بائیکاٹ کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا لیکن فاٹا اصلاحات سے متعلق بل آج بھی ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔ فاٹا اصلاحات بل ایجنڈے میں شامل نہ ہونے پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی نے واک آؤٹ کردیا۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نوید قمر نے کہا کہ فاٹا اصلاحات بل ایجنڈے میں شامل ہونے تک اسمبلی کی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے۔ پوری قوم ایک طرف کھڑی ہے اور حکومت دوسری طرف ہے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور حکومت اپوزیشن ارکان کے بغیر اجلاس چلا سکتی ہے تو چلا لے۔ اسپیکر ایاز صادق نے کورم پورا نہ ہونے پر قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیر کے روز فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے اور قبائلی علاقے سے ایف سی آر قانون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومت اپنا وعدہ پورا نہ کرسکی اور اسمبلی میں مسلسل تین روز سے بل پیش نہیں کیا جارہا جس پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں