cold 25

شدید سردی کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی متاثر

اسلام آباد: سائبیرین ہوائیں چلنے کی وجہ سے ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔
ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سائیبرین ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ شدید سردی نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں بند ہوکر رہ گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان کے بیشترعلاقے بدستور خشک اور سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین میں درجہ حرارت منفی 6، زیارت، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی اور قلات میں منفی 7 ، کوئٹہ میں منفی 10، ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جب کہ ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں دھند کے باعث متعدد شہروں میں حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نےلاہور میں آئندہ چندروز میں سردی اور دھندمیں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ منچن آباد شہر اور مضافات میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں جاری بارشوں اور برفباری کے باعث کراچی کا موسم بھی انتہائی سرد ہوگیا ہے گزشتہ دو تین روز سے کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے جس کے باعث ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی علاقوں سے چلنے والی ہلکی ہوائیں شہر میں سردی کا سبب بن رہی ہیں۔ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں