
واشنگٹن / مشرقِ وسطیٰ: ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جھڑپوں کے نتیجے میں مختلف ممالک میں جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ایران کے ساتھ تنازع میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے، جبکہ تقریباً 200 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی حملوں میں 15 اسرائیلی ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ اسی دوران خلیجی ممالک میں بھی نقصانات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں متحدہ عرب امارات میں 7 افراد جاں بحق اور 145 زخمی ہوئے۔
مزید اطلاعات کے مطابق کویت میں 6، عمان میں 3 اور سعودی عرب میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔دوسری جانب امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں شہادتوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 18 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث لبنان میں بھی 850 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم خطے میں کشیدگی اور انسانی نقصان میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث بن رہا ہے۔