پاکستانشوبز

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے لیوی کی مد میں کمی کا اعلان کر دیا اور پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 378 روپے مقرر کردی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ خلیج میں جنگ کے باعث پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں اور تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور یہ ایسی تلخ حقیقت ہے کہ غریب کا چولھا مدھم ہو رہا ہے، کسان کے لیے بے پناہ مشکلات پیدا ہوچکی ہیں اورعام آدمی کے لیے نئے چیلنجز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ کے فضل و کرم اور آپ کی دعاؤں سے حتی المقدور کوشش کی کہ عوامی بہبود اورعوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے محدود قومی وسائل آپ کی مشکلات کم کرنے کے لیے صرف کیا جائے اور ایک،ایک پیسے کی بچت سے آپ کو اس مہنگائی کے طوفان سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اور مہنگائی جس نے دنیا کی طاقت ور معیشتوں کی بھی کمر توڑ دی ہے یقیناً پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اسی لیے پچھلے تین ہفتوں میں عوام پر ہر روز تیل کی قیمتوں میں اضافےکا بوجھ ڈالنا میں نے قطعاً مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ پاکستان میں ایک عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے، فجر کی نماز ادا کرکے آپ رزق حلال کی تلاش میں نکلتے ہیں اور سارا دن جاڑے اوردھوپ میں محنت کرکے اپنے بال بچوں کا پیٹ پالتے ہیں لیکن اس کے باوجود آپ کے بے پناہ مسائل ہیں اس لیے ان تین ہفتوں میں قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کرکے آپ تک اس قیامت خیز طوفان کو پہنچنے نہیں دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب اللہ سے دست بدعا ہیں کہ جنگ جلد سے جلد بند اور امن قائم ہوجائے، اس کے لیے پاکستان کی حکومت نے، میں نے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہائی خلوص نیت کے ساتھ جب سے جنگ کا آغاز ہوا ہے، امن قائم کرنے کے لیے دن رات کاوشیں کر رہے ہیں اور اس وقت تک اپنا یہ فرض نبھاتے رہیں گے جب تک آگ کے شعلے بجھ نہیں جاتے۔

انہوں نے کہا کہ کل قومی مشاورت کے حوالے سے وزیرخزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے آئندہ کے لیے اعلانات کیے، اس کے پیچھے بھرپور مشاورت ہوئی، صدر پاکستان کا مشکور ہوں جنہوں نے پوری قومی قیادت کو ایوان صدر میں دعوت دی جہاں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور دیگر زعما موجود تھے اور اس کے اگلے دن وزیراعظم ہاؤس میں بھرپور مشاورت ہوئی اور کل بھی بھرپور اجتماع میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ تشریف فرما تھے، آزاد کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزرا سب موجود تھے، لہٰذا بڑی عرق ریزی کے بعد جامع پروگرام کا اعلان کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بعض ممالک میں میلوں لمبی قطاریں لگیں اور لوگوں کو بےپناہ تکلیف ہوئی لیکن پاکستان میں ہم نے اجتماعی کاوشوں اور بروقت فیصلوں کے ذریعے ان تمام معاملات کو دوررکھا، اب کل کے اعلانات کے مطابق موٹر بائیک کو ایک لیٹر کے اوپر100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی، ہم نے فیصلہ کیا کہ جو گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ دینے کے لیے ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے، پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں کا بوجھ آپ پر نہ پڑے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اسی طرح پاکستان ریلوے کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ اکانومی کلاس کے ڈبوں میں مسافروں کے لیے کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا، اس حوالے سے وزارت ریلوے کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل کیے گئے تمام اعلانات تمام قومی جذبات سے بھرے اقدامات کے لیے صوبائی وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، سہیل آفریدی، میرسرفراز بگٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل مہیا کرنے کے لیے بلاتاخیر وعدے کیے اور یہی وقت کی آواز ہے اور یہ وہ موقع ہے جس وقت اس تاریخ کے بہت بڑے چیلنج کا مقابلہ صرف اور صرف قومی یک جہتی اتفاق اور اتحاد کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام اعلانات کا اطلاق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پربھی ہوگا اور وسائل وفاقی حکومت بخوشی مہیا کرے گی۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے پوری طرح احساس ہے کہ ان اقدامات کے باوجود آپ کی مشکلات میں کمی ضرور آئے گی مگر روزمرہ کی اشیائے ضروریہ اس سے کہیں زیادہ وسائل مہیا کیے جائیں تو زیادہ نہیں ہوں گے لیکن بڑی درد مندی سے کہنا چاہتا ہوں اور وعدہ ہے جب تک آپ امن اور چین سے دوبارہ اپنی زندگی کے معمولات پر واپس نہیں آتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم تمام توانائیاں اور وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کریں گے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت کا کل جو اعلان کیا گیا کہ وہ 458 روپے فی لیٹر تک قیمت بڑھ گئی، اس قیمت کو کم کرنے کے لیے پیڑول کی لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتا ہوں، اس طرح آج رات 12 بجے پیٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر سے کم کرکے 378 روپے مہیا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں یہ کمی کم از کم اگلے ایک ماہ کے لیے ہوگی اوراس کا اطلاق پورے ملک پر ہوگا، میری اور تمام صوبائی حکومتیں مل کر آپ کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے دیوانہ وار کام کرتی رہیں گی اور اللہ کے فضل و کرم سے ان شااللہ ہم سب مل کر آپ کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ہر وہ قدم اٹھائیں گے جو اس نازک وقت میں وقت کی پکار ہے اور آپ کا تقاضا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں ایک اور حقیر اعلان کرنا چاہتا ہوں، گوکہ اپنی کابینہ کے وزرا سے عجلت میں مشورہ نہیں کیا لیکن میں اپنی کابینہ کے حوالے سے جس کا ہم پہلے دو ماہ کی تنخواہیں جمع کرانے کا اعلان کرچکے ہیں اس کو بڑھا کر 6 مہینے کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ شاید بہت معمولی رقم ہوگی لیکن اسے میں آپ کو ایک مخلصانہ انداز میں باور کرانا چاہتا ہوں ہم ان شااللہ تمام وسائل جہاں جہاں سے ایک،ایک پیسے کی مجھے بچت ہوگی وہ حاصل کرکے میں ان شااللہ آپ کی مشکلات میں اضافہ نہیں ہونے دوں گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان شااللہ بہت جلد ہم بہت اچھے وقتوں میں ترقی، خوش حالی اور غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کی باتیں کر رہے ہوں گے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے بعد ازاں پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے 4 اپریل 2026 سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا تاہم ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی جبکہ پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 378 روپے 41 پیسے ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button