پاکستان

کوہاٹ: پولیس وین پر حملے میں ڈی ایس پی لاچی سمیت 5 اہلکار شہید، متعدد زخمی

کوہاٹ میں پولیس وین پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ واقعے میں ایک راہ گیر بھی شہید ہوگیا جبکہ پولیس وین میں موجود ملزم بھی مارا گیا۔

ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی لاچی سمیت 5 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم ایک زیرِ حراست ملزم کو لے جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے میں ایک زیرِ حراست ملزم اور ایک راہگیر بھی جان کی بازی ہار گئے۔

شہداء میں انسپکٹر انارگل خان، ایک گن مین، ریڈر اور ڈرائیور شامل ہیں۔ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ کوہاٹ سے اضافی پولیس نفری بھی متاثرہ علاقے میں بھجوا دی گئی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ کے علاقے میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہید ڈی ایس پی اسد محمود اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف پہلی دفاعی لکیر ہے جس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button