بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ملیکا راجپوت نے خودکشی کرلی
ممبئی(آواز نیوز)بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ اور اداکارہ ملیکا راجپوت نے مبینہ طور پر خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی ہے۔
ملیکا راجپوت، کنگنا رناوت جیسی ٹاپ اداکارہ کے ساتھ کام کرچکی ہیں، ان کے لاکھوں مداح حیران اور مایوس ہیں، اداکارہ کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ملیکا کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور تمام زاویوں سے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ملیکا راجپوت نے کنگنا رناوت کی فلم ریوالور رانی میں معاون کردار ادا کیا تھا، وہ گلوکار شان کے میوزک البم میں بھی نظر آئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ کافی مقبول ہوئی تھیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیکا راجپوت کا سیاست میں بھی عمل دخل تھا، وہ بی جے پی پارٹی کا حصہ تھیں، حالانکہ انہوں نے پارٹی پر عصمت دری کرنے والوں کی حمایت کا الزام لگا کر خود کو اس سے الگ کر لیا تھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا دعوی ہے کہ اداکارہ کا اپنے اہل خانہ سے کسی وجہ سے جھگڑا تھا جو کہ پولیس کی مداخلت کے بعد حل ہو گیا تھا، اسی لیے اداکارہ کی اچانک موت نے لوگوں کے ذہنوں میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔