مسئلہ کشمیر پر مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر ایرانی قیادت کے شکر گزار ہیں، شاہ محمود قریشی
پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے، ایرانی ہم منصب سے بات چیت
بیجنگ (آواز نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر ایرانی قیادت کے شکر گزار ہیں۔
پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر اپنے ایرانی ہم منصب امیر عبداللہیان کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے اہم امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں حال ہی میں منعقد ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے کے 48ویں اجلاس میں پاکستان کی طرف سے تجویز کردہ ‘جنوبی ایشیا میں سلامتی سے متعلق قرارداد’ پر حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کو خصوصی مبارکباد پیش کی ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان یکساں عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی بنیاد پر استوار گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہون نے کہا یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلے تعلقات میں استحکام کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر پر مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر ایرانی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان اکیسویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے جلد انعقاد کی ضرورت پر زور دیا وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے مند پشین سرحدی منڈی میں 85 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے جون 2022 تک مند پشین، گبڈ ریمدان اور میرجاوہ تفتان سرحدی منڈیوں کی تعمیر مکمل ہونے کا عندیہ دیا ۔ انہوں نے کہا یہ بات باعث مسرت ہے کہ انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ میکانزم کے تحت پاکستان سے سامان کی پہلی کھیپ اکتوبر 2021 میں ایران سے گزرتے ہوئے ترکی پہنچی۔
ہمیں امید ہے کہ ایران ٹی آئی آر کے تحت سامان کی ترسیل میں سہولت فراہم کرتا رہے گا۔وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایران کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کا معاملہ اٹھایا ۔
مقبوضہ کشمیر ‘بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ نومبرمیں 20کشمیریوں کو شہید کیا
وزیر خارجہ نے ہر سال ایران آنے والے 50 لاکھ سے زائد پاکستانی زائرین کی خصوصی دیکھ بھال کرنے اور میرجاوہ میں زائرین ہاوس کی تعمیر کرنے پر ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر خارجہ نے، ایرانی وزیر خارجہ سے، پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسکول تہران کے لیے زمین مختص کرنے کی درخواست پر ہمدردانہ غور کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا پاکستان کی قیادت اور عوام ایرانی صدر رئیسی کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی امور پر مشاورت کیلئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا
Shah Mehmood Qureshi latest news in urdu about Kashmir Video