ہمارے دورمیں پتنگ بازی پر پابندی لگی:حمزہ شہباز
جواں سالہ بیٹے کے دنیا سے چلے جانے کے دکھ کا کوئی مداوا نہیں ‘وزیراعلیٰ کی پتنگ کی ڈو ر سے جاں بحق ہونے والے مبین کاشف کے گھر آمد
لاہور(آواز نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمارے دورمیں پتنگ بازی پر پابندی لگی لیکن اس کے بعد قانون سازی نہیںہوئی ،جواں سالہ بیٹے کے دنیا سے چلے جانے کے دکھ کا کوئی مداوا نہیں ۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز پتنگ کی ڈو ر سے جاں بحق ہونے والے مبین کاشف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیلئے مصری شاہ گئے ۔حمزہ شہباز نے اہل خانہ سے واقعہ پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مبین کاشف کی روح کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی ۔
اس موقع پر میاںمجتبیٰ شجاع الرحمن، غزالی سلیم بٹ، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او بھی موجود تھے۔حمزہ شہباز نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس آپ سے تعزیت کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔
اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے،اس دکھ کا کوئی مداوا نہیں،غم کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،قانون سازی کی جائے گی تاکہ کسی اور ماں کی گود نہ اجڑے،آپ کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ اٹھارہ سالہ نوجوان ڈور پھرنے سے اللہ کو پیارا ہو گیا۔
عوام کو ریلیف دینا ہمارا اولین مقصد ہے
جب اس طرح کے موقع پرآتاہوں تو بہت دکھی ہوتا ہوں۔میں سیاسی تشہیر کے لئے نہیں آتا اس لئے آتا ہوں اللہ راضی ہوتا ہے ، میری کوشش تھی کہ متاثرہ خاندان کے دکھ میں شریک ہوں ،میں نے مبین کے والد کو پرسوں بلا یا ہے۔
اس معاملے کی خود پیروی کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں پتنگ بازی پر پابندی لگی ، دوبارہ اس پر قانون سازی نہیں ہوئی ،والدین کا تقاضہ ہے کہ اس کی سزا سخت سے سخت کی جائے ایسی قانون سازی کی جائے کہ دوبارہ کسی کا بیٹا ایسے جان نہ گنوائے ۔ قصور واروں کی نشاندہی کر کے سزا دی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ دو مہینے سے کابینہ نہیں تھی ،دو دن پہلے 2 دن پہلے گورنر بنا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آٹا سستا کیا ،اس کےلئے200ارب روپے کی سبسڈی دیں گے ۔
گھی کی قیمتوں کے حوالے سے جلد خوش خبری دیں گے ،مہنگائی اور امن و مان کے خلاف جدوجہد کریں گے۔کابینہ کی پہلی میٹنگ لی ہے جس میں شہریوں کوسستا آٹا فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ہم دن رات ایک کریں گے ،ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے لیکن ہم پر عزم ہیں کہ عوام کو ریلیف دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ میں نے آئی جی صاحب کو کہا ہے کہ اچھے اور ایماندار پولیس آفیسر لگائیں۔
میں اللہ کو راضی کرنے کے لئے یہ کام کر رہا ہوں ،مہنگائی کے خلاف جہاد کریں گے ،کوشش کریں گے صوبے میںگڈ گوررننس آئے۔