پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کاشہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت
شہید ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کا ایک ایسا نام ہے جس نے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا،روزی خان کاکڑ نیازی اسٹیبلشمنٹ کے بل بوتے پر اقتدار میں آئے جب اسٹیبلشمنٹ نے انکے سر سے ہاتھ اٹھالیا تو عمران خان کی چیخیں نکل رہی ہیں
کوئٹہ(آواز نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھٹو صاحب کے شاندار کارناموں کی فہرست تو بہت طویل ہے مگر پاکستان میں آئین کا نفاذ اور ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے کارنامے بھٹو صاحب کے عظیم کارناموں میں سے ایک ہیں ،
نوجوان نسل بھٹوازم کو سمجھنے کی کوشش کرے شہید ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کا ایک ایسا نام ہے جس نے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا، غریب ہاریوں اور مزدوروں کو سر اٹھا کرجینے کا ڈھنگ سکھایا،عمران نیازی اسٹیبلشمنٹ کے بل بوتے پر اقتدار میں آئے جب اسٹیبلشمنٹ نے انکے سر سے ہاتھ اٹھالیا تو آج عمران خان کی چیخیں نکل رہی ہیں
اور وہ مسلسل ملک اوراداروں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی،صوبائی آفس سیکرٹری اختر بلوچ، کوئٹہ سٹی صدر نورالدین کاکڑ، ضلعی جنرل سیکرٹری ولی محمد وردگ، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن قاسم علیزئی،اقلیتی ونگ کے صدر جعفر جارج، پی ایس ایف کے صدر جہانگیر بلوچ، سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ، خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، کوئٹہ ڈویژن کے سینئر نائب صدر جبار خلجی، لیبر بیورو کے سینئر نائب صدر حاجی عزیز لانگو، پیپلز یوتھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اسماعیل حقیار ودیگر نے جمعرات کو پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹریٹ میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کو تحفظ دیا: فریال تالپور
تقریب کی صدارت پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل وسابق سینیٹر سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کی تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 95 ویں یوم پیدائش کا کیک بھی کاٹا گیا۔انہوں نے کہا کہ شہیدذوالفقارعلی بھٹو عظیم لیڈرتھے
جنہوںنے پاکستان کو آئین دیاایٹمی طاقت بنایا غریبوں کو گھر اورزمینیں اورروزگاردیا ان کی اس خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیںانہوں نے کہا کہ بھٹوازم جاننے کے لیے آدمی کا با شعور ہو نا بہت ضروری ہے ، میرے اور آپ کے وقت کے بھٹو بلاول بھٹو ہیں وہ ہی آمریت کے دور کی مشکلات جو بھٹو صاحب کے ساتھ تھی آج بلاول بھٹو کے سامنے ہیں ، جو عوام دشمن ذہنیت بھٹو کے دور میں تھی آج بھی وہی ذہنیت کسی اور شکل میں زندہ ہے۔
جس کا مقابلہ بلاول بھٹو کر رہا ہے ، بیمار ذہنیت کے لوگ بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو کی عوامی خدمات کو دبا کر رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس وقت عوام کی فلاح اور بہتری کا بیڑہ اٹھایا جس وقت ملک میں سامراجی قوتو ں نے پنجے گاڑھے ہوئے تھے اور چند لوگ اپنے ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر پاکستان کی عوام کے مستقبل کا فیصلہ کر تے تھے جس میں فائدہ صرف ان مفاد پرستوں کا اپناہی ہوتاتھا لیکن بھٹو صاحب نے سیاست میں قدم رکھ کر بڑے بڑے بتوں کو پاش پاش کیا جو پاکستان کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر اس پر راج کر رہے تھے۔
ہماری وہ قیادت بھی حق اور سچ پر ڈٹی رہی اور آج کی قیادت بھی حق اور سچ کی بات کرتی ہے اور صدیوں پرانی تاریخ یہ ہی کہتی ہے کہ دیر سے سہی لیکن جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کو آگے لیکر چل رہے ہیں۔
جسکی وجہ سے انکی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں لیکن ہم ان عناصر کو بتادینا چاہتے ہیں کہ یہ رکاوٹیں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئے اور انہوں نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا جب عمرا ن نیازی کے سر سے اسٹیبلشمنٹ نے ہاتھ اٹھایا تو عمران خان کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی جھوٹے اور من گھڑت بیانے بناکر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن عوام نے عمران نیازی اور پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے۔
اورانشاءاللہ آنے والادور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے اورپیپلزپارٹی عام انتخابات میںچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔