این آئی اے نے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا دفتر ضبط کرلیا
سرینگر29جنوری(کے ایم ایس)دہلی کی ایک عدالت کی طرف سے راجباغ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کو ضبط کرنے کے حکم کے ایک دن بعد اتوار کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروںنے حریت دفتر کو باضابطہ طورپرضبط کرلیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدارنے سرینگر میں صحافیوں کو بتایاکہ این آئی اے کی ٹیم راجباغ پہنچی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کو سیل کردیا۔
قبل ازیں ہفتے کے روز نئی دہلی کی ایک عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج شیلیندر ملک نے غیر منقولہ جائیداد یعنی کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کی عمارت کو ضبط کرنے کا حکم دیاتھا۔
کانگریس پارٹی مقبوضہ کشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی: رائل گاندھی
عدالت نے کہا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا قانون 1967کسی بھی طرح سے جائیداد کو ضبط کرنے کے عدالتی اختیارات میں رکاوٹ نہیں بنتا ۔
تاہم عدالت نے کہا کہ ضبطی کا یہ مطلب نہیں کہ اس پراپرٹی کے بارے میں مقدمے سے پہلے کوئی فیصلہ کیاگیاہے۔
این آئی اے نے راج باغ سرینگر میں واقع کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کی عمارت کو ضبط کرانے کے لئے عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی۔