پاکستان

ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلانز پر عملدرآمد مکمل:حنا ربانی کھر

ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلانز پر عملدرآمد مکمل،پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ایک قدم کی دوری پر ہے ، فیٹف نے پاکستانی اقدامات کو متفقہ طورپر تسلیم کرتے ہوئےاس کی کاوشوں کوسراہا ہے،وزیر مملکت برائےخارجہ امور حنا ربانی کھر

اسلام آباد (آواز نیوز) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ گذشتہ روز برلن جرمنی میں ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس ختم ہوگیا۔

اس موقع پر ایف اے ٹی ایف کے انٹر نیشنل کوآپریشن ریوگروپ (آئی سی آر جی) کی پاکستان کے 2018اور 2021 کے ایکشن پلان کے حوالہ سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

ہفتہ کو یہاں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کہاکہ 2018 کے ایکشن پلان کے حوالہ سے ایف اے ٹی ایف کو بھیجی گئی گیارہویں رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف نے متفقہ طور پر تسلیم کیا کہ پاکستان کی جانب سے تمام ایکشن آئٹمز پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے اور 2018 کے ایکشن پلان پر پاکستان کی جانب سے مکمل عملدرآمد کے بعد اس کو بند کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ 2021کا ایکشن پلان زیادہ تر منی لانڈرنگ کے مسائل سے متعلق تھا اور اس پر پاکستان نے تین پراگریس رپورٹس جمع کروائی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان نے ایکشن پلان کے تمام تر سات پوائنٹس کو دیئے گئے وقت سے ایک سال پہلے مکمل کر لیا ہے۔

جس میں پاکستان نے اے ایم ایل / سی ایف ٹی کے حوالہ سے جامع ریفارمز اور اقدامات کو یقنی بنایا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے مثبت اور تیز تر اقدامات کو ایف اے ٹی ایف کے تمام اراکین نے بھرپور انداز میں سراہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے دونوں ایکشن پلان کو مکمل کر لیا ہے ، اے ایم ایل / سی ایف ٹی سسٹمز کو بہتر بنانے کے حوالہ سے ہماری بہترین کاوشوں اور عزم کو تسلیم کیا گیا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے دوران جامع اور بامعنی گفت وشنیدکے بعد ایف اے ٹی ایف نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پاکستان نے تمام ٹیکنیکل بینچ مارکس کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور دونوں ایکشن پلانز کے حوالہ سے ہماری تمام ضروریات کو مکمل کر لیا ہے۔

اس شاندار کامیابی کے بعد ایف اے ٹی ایف نے تکنیکی ٹیم کے دورہ پاکستان کی منظوری دی ہے تاکہ موقع پر اصلاحات پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا سکے۔

ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلانز کی کامیابی تکمیل اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستانی اقدامات کوتسلیم کرتے ہوئے ایف اے ٹی ایف نے کہا ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ایک قدم کی دوری پر ہے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ موقع پر موجود اقدامات کے جائزہ کے حوالہ سے ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی ٹیم کا دورہ باضابطہ طریقہ کار کے تحت ضروری ہے ،جس کے بعد پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باقاعدہ طور پر نکل جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کے ساتھ باہمی مشاورت کے ذریعے متفقہ مناسب تاریخوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اکتوبر 2022 ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے قبل تکنیکی ٹیم کے دورہ کے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف کے ساتھ سائیڈ لائنز ملاقاتوں میں ہم نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق اے ایم ایل / سی ایف ٹی فریم ورک کے حوالہ سے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا ہے، ہم نے قومی اداروں میں بہتری کیلئے پاکستان میں ہونے والے قومی اتفاق رائے کو بھی اجاگر کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری اور ایف اے ٹی ایف کے ساتھ تعاون کا اعادہ کرتا ہے جو ہماری معیشت کے استحکام کے تزویراتی مقاصد اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کومزید مربوط اور بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فیٹف کی جانب سے اس اچھی خبر کے بعد ہماری معیشت پر اعتماد بحال ہوگا اور اس کی انتہائی ضروری ترقی سمیت ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے اخراج کے حوالہ سے ہماری مختلف ٹیموں کی شبانہ روز کاوشوں کو تسلیم کرنا بھی ضروری ہے جن کی مدد سے ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکیں اور ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلانز کو مکمل کیا جا سکا۔

انہوں نے کہاکہ یہ پورے ملک ،مختلف وزارتوں ، شعبوں اور ایجنسیوں سمیت حکومت نے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاکہ قومی مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قوم کو فیٹف کی شرائط پوری ہونے پر مبارکباد

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقصد کے حصول کے لئے متحد ہو کر کام کرنے سے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں اپنے بین الاقوامی شراکتداروں اور دوستوں کے تعاون پر شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سارے عمل کے دوران ہماری بھرپور معاونت کی۔

حنا ربانی کھر نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نہ صرف مستقبل میں اصلاحات پر جامع عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔

بلکہ اس حوالہ سے دیگر ممالک کو تکنیکی معاونت اور رہنمائی بھی فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے مکمل تیار ہونگے اور ان شا اللہ بہت جلد پاکستان گرے لسٹ نکل جائیگا۔

FATF action plans completed Hina Rabbani Khar Urdu News

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button