پاکستان

پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا،سراج الحق

کم از کم وزیرخزانہ کی بات کا تو یہی مطلب نکلتا ہے کہ ڈرائیور گاڑی موٹروے پر ڈال کر خود نیچے اتر جائے ،تینوں آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکی غلامی پر متفق ہے،حکمران جماعتیں نااہل ثابت اور بری طرح ایکسپوز ہو گئیں: امیر جماعت اسلامی کراچی

بہاولپور ( آن لائن ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا، کم از کم وزیرخزانہ کی بات کا تو یہی مطلب نکلتا ہے کہ ڈرائیور گاڑی موٹروے پر ڈال کر خود نیچے اتر جائے۔

تینوں آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکی غلامی پر متفق ہے،حکمران جماعتیں نااہل ثابت اور بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت نے اس موقع پر خصوصی طور پر ”گوادر کو حق دو تحریک“کا تذکرہ کیا اور تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر افرادکی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گوادر اہم ہے تو وہاں کے رہایشی سب سے زیادہ اہم ہیں، انھیں ان کے حقوق دیے جائیں۔

مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کو فوری رہا کیا جائے، ورنہ وہ خود پورے ملک سے قافلہ لے کر گوادر جائیں گے۔سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب محرومیوں کا گڑھ بن چکا ہے، جنوبی پنجاب سے حکمرانوں نے جو وعدے کیے پورے نہیں ہوئے، یہاں کا نوجوان بے روزگار، انفراسٹرکچر تباہ اور لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب نہیں، جنوبی پنجاب کا کسان، مزدور پریشان ہے، چولستان کو تباہ کر دیا گیا بلکہ حکمرانوں نے پورے ملک کو چولستان بنا دیا۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کے فنڈ کا حساب دیں، بتایا جائے کہ متاثرین کے لیے اعلان کی گئی ستر ارب کی امداد کہاں گئی؟ سپریم کورٹ سیلاب متاثرین فنڈ سے متعلق سوموٹو ایکشن لے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کا پورا نظام کرپٹ اور ظالموں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

حکمرانوں کی وجہ سے وسائل سے مالا مال ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ گیا۔ آج ایک زرعی ملک میں آٹا 160روپے اور پیاز 250روپے فی کلو مل رہا ہے، حکمران پورے ملک کا آٹا، چینی اور گھی کھا گئے، انھوں نے عوام کو لوڈشیڈنگ اور اندھیرے دیے، نوجوانوں کو مایوس اور بے روزگاری کیا۔

ان کے نام پاناما لیکس، پنڈوراپیپرز اور نیب کی فائلوں میں ہیں، مگر انھیں کوئی ہاتھ نہیں لگاتا۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اپنی نہیں اللہ کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ ہو، معیشت سود سے پاک ہو، سب کے لیے یکساں تعلیم اور صحت سہولتیں ہوں۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ حضور ا کرمﷺ کی شفاعت کے حصول کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہم سب مل کر آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک اس نظام کو نافذ کرنے کی جدوجہد کریں جو نبی ﷺآخر الزماں لے کر آئے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو محمد ظفر، امیر بہاولپور سید ذیشان اختر، صدر جے آئی یوتھ بہاولپور عبدالرحمن چودھری، نصراللہ ناصر اور کامران ملک نے بھی ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔

امیر جماعت نے اس موقع پر جماعت اسلامی بہاولپور کے مرحوم رہنما اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر وسیم اختر کا خصوصی تذکرہ کیا اور ان کی دینی، ملی اور بہاولپور کے عوام کے لیے خدمات کو سراہا۔ امیر جماعت گزشتہ تین روز سے جنوبی پنجاب کے دورہ پر ہیں جہاں انھوں نے چوٹی زیریں ڈی جی خان اور مظفر گڑھ میں جلسوں سے خطاب کیا جن میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ملک بھرمیں نکاح رجسٹرڈ ختم، نیا نظام متعارف

امیر جماعت نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کی مہنگائی کے خلاف جاری تحریک کا حصہ بنیں اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔

Latest Siraj ul Haq News in Urdu | Latest News in Urdu | Siraj ul Haq Bashes PPP and PDM | Karachi Local Body Elections | Breaking News

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button