حقیقی آزادی مارچ کا اعلان جلد کردیا جائے گا، شاہ محمودقریشی
عمران خان حقیقی آزادی کیلئے جہاد لڑرہے ہیں،عوام کا ردعمل بتا رہا ہے کہ الیکشن میں واری پھر عمران خان کی ہے، این اے 157 میں کارنر میٹنگ سے خطاب
ملتان (آواز نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے ملتان این اے 157 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل سے آغاز سیاست کیا تھا وزارت عظمیٰ تک کا الیکشن لڑا چکا ہوں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانیہ کو عوام نے تسلیم کرلیا ہے، عمران خان حقیقی آزادی کیلئے جہاد لڑ رہے ہیں، عوام کا ردعمل بتا رہا ہے کہ الیکشن میں واری پھر عمران خان کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کا اعلان جلد کردیا جائے گا، میں ملک کے طول و عرض میں سفر کرچکا ہوں ہرجگہ عمران خان کا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں بیٹھ چکا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ تحریک انصاف دوسری جماعتوں کی نسبت نئی جماعت ہے، دو پارٹی نظام کو توڑنا بہت مشکل ہے لیکن عمران خان نے محنت کرکے ثابت کردیا۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ 26 سال کی طویل جدوجہد کے بعد عمران خان نے بامقصد سیاسی کامیابی حاصل کی، عمران خان کو شہرت نہیں چاہیے وہ پہلے بھی نیشنل ہیرو تھا وہ پاکستان میں حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا لیول خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے، ہماری حکومت دو سال کورونا کی نظر ہوئی تھی، چالیس سال ایک دوسرے کی مخالفت کرنے والے سیاستدان آج اکھٹے ہوچکے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 154 کی سیٹ پر پی پی کے ساتھ ن لیگ نے ایڈجسٹمنٹ کیا ہوا ہے، تحریک انصاف آج پی ڈی ایم کی نفسیات پر حاوی ہوچکی ہے۔
پاکستانی قوم اپنے لیڈر نواز شریف کے منتظر ہے :مریم نواز
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوجوان نسل کی سوچ میں تبدیلی آچکی ہے، خواتین تک سیاسی رسائی کیلئے اپنی بیٹی کو الیکشن میں لایا ہوں، خواتین کا نصف ووٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیہاتی بچوں میں بھی شعور آچکا ہے، آجکل بچے خود سیاسی فیصلہ کرتے ہیں، آنے والا الیکشن 1970 کے الیکشن کی طرح چلنے والی تلوار کی طرح ہوگا۔