آج ایک بار پھر 6 ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے: شہباز شریف
لندن(آواز نیوز)صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لئے ایک ہونے کی ضرورت ہے۔
آج ایک بار پھر چھ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے ، اسی سے پاکستان کے دفاع، ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔سابق وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ جنگ ستمبرعوام اور فوج کے دفاع وطن کیلئے ایک جان ہوکرلڑنےکی سنہری تاریخ کا یادگاردن ہے۔
یہ وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر دلیر عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی۔ پاک فضائیہ، بحریہ، بری افواج نے بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا تھا۔
شہداءکا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے: مریم نواز
شہباز شریف نے کہا کہ قوم شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جانیں قربان کرکے ارض پاک کی سلامتی کو یقینی بنایا ، جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی۔
شہباز شریف نے شہدائے پاکستان کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے، آمین۔