پی ایس ایس او گیمز حیدرآباد:ایتھلیٹکس مقابلے اختتام پذیر ہو گئے
گرلز میں ٹوپیئن ٹرسٹ اسکول اور بوائز میں ٹنڈو جام کالج نے میدان مار لیا
انور حسین خانزادہ اورسید محمد ندیم نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز تقیسم کئے
کراچی (آواز نیوز) پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپکس کے زیر اہتمام اور محکمہ کھیل سندھ کے تعاون سے جاری پی ایس ایس او اسکول اینڈ کالج گیمز حیدرآباد کے ایتھلیٹکس گرلز ایونٹ میں ٹوپئین اسپرٹ ٹرسٹ اسکول نے میدان مار لیا جبکہ بوائز کے ایونٹ میں گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنڈو جام فاتح رہا۔
سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام پر منعقدہ ایتھلیٹکس مقابلوں کے گرلزایونٹ میں ٹوپیئن اسپرٹ ٹرسٹ اسکول نے تین گولڈ اور دو سلور میڈلز حاصل کئے،واضح رہے کہ پی ایس ایس او گیمز حیدرآباد کے سلسلے میں مقابلے ٹنڈو جام ،حیدرآباد ،قاسم آباد اور کوٹری کے مختلف گراءونڈز میں جاری ہیں۔
حیات مین کیمپس ایک گولڈ ،تین سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے ،آئی بی اے پبلک اسکول تیسرے اور ایف پی سی ڈی سی چوتھے نمبر پر رہی ۔ 100میٹرز گرلز میں ٹوپیئن اسپرٹ ٹرسٹ اسکول کی سائرہ 14:38سیکنڈز اور بوائز میں گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنڈو جام کے عدیل نے 12:01سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔
200میٹرز گرلز میں سمیہ خلیل جبکہ بوائز میں ٹنڈو جام کالج کے دانش نے گولڈ میڈل لیا ۔ 400میٹرز گرلز میں آئی بی اے اسکول کی انیقہ اور بوائز میں اسی اسکول کے سترام ،لانگ جمپ گرلز میں حیات مین کیمپس کی ماہ نور جبکہ بوائز میں ٹنڈو جام کالج کے زیشان ،شاٹ پٹ گرلز میں ایف پی ایس ڈی سی کی سنیہا اور بوائز میں آئی بی اے اسکول کے حسنین نے گولڈ میڈل جیتا ۔ 4×100میٹرز گرلزاور بوائز میں ٹوپیئن اسپرٹ ٹرسٹ اسکول نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
بوائز مقابلوں میں گورنمنٹ ڈگری کالج ٹنڈو جام نے تین گولڈ ،تین سلور اور ایک برانز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آئی بی اے پبلک اسکول نے دو گولڈ ، دو سلور اور دو برانز میڈلز کے ساتھ دوسری اور ٹوپیئن اسپرٹ ٹرسٹ اسکول نے ایک گولڈ ،ایک سلور اور دو برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پائی۔
ڈائرکٹر اسپورٹس سندھ زرعی یونیورسٹی انور حسین خانزادہ اور پی ایس ایس او کے سیکریٹری سیدمحمد ندیم نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر خالدہ ندیم ،رضوانہ وسیم،فیضان شیخ ،غلام مصطفی ،جمیلہ باری ،وسیم اقبال ،صنم چنہ ،مس شبنم ،مس حنا اور دیگر بھی موجود تھے ۔