والدین لندن رہتے ،میں روزگار کیلئے پاکستان آئی ہوں،کبریٰ خان
ہماری زندگیوں میں پہلے ہی بہت اُداسی ہے اس لیے ہمیں خوشیوں بھری فلمیں بنانا ہوں گی،انٹرویو
کراچی (آواز نیوز)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ میرے والدین لندن میں رہتے ہیں لیکن میں روزگار کی خاطر پاکستان آئی ہوں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ 2014ءمیں ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’نامعلوم افراد‘میں’حِنا‘ کے کردار سے مقبولیت ملی جس کے بعد بالی ووڈ فلم ’ویلکم ٹو کراچی‘میں بھی کام کیا اور 2018ءمیں میری دو فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں’پرواز ہے جنوں‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ شامل ہیں۔
اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے ہندو بچے کے علاج کے لیے لاکھوں روپے کی امداد دیدی
اُنہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستانی سینما ہاوسز کو پُر رونق بنانا ہے تو فلم بینوں کو گھروں سے نکلنا ہو گا اگر ہم اپنے ملک کی فلموں کو پسند نہیں کریں گے تو پھر شکوہ شکایت بھی نہیں کرنا چاہیے۔
کبریٰ خان نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اچھی فلمیں کم بن رہی ہیں لیکن پھر بھی اپنی فلموں کو موقع دینا چاہیے تاکہ سنیما گھر پھر سے آباد ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری زندگیوں میں پہلے ہی بہت اُداسی ہے اس لیے ہمیں خوشیوں بھری فلمیں بنانا ہوں گی، دلچسپ موضوعات پر مبنی فلمیں پسند کی جاتی ہیں اس لیے سنجیدہ موضوع کو بھی ہلکے پُھلکے انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے مختصراََ یہ کہ ایسی فلمیں ہوں جنہیں دیکھ کر کبھی ہنسی آئے اور کبھی ہماری آنکھیں نم ہوجائیں اور کبھی رقص کرنے کو دل چاہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس طرح کی فلمیں جلد بننا شروع ہو جائیں گی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھ سے مزاحیہ کردار بالکل نہیں ہوتے جبکہ میں عام زندگی میں بہت ہنس مُکھ اور مزاحیہ ہوں اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میری کامیڈی ٹائمنگ تھوڑی آف ہے۔