کشمیر

حریت رہنماﺅں ، تنظیموں کی بھارتی عدالت کی طرف سے یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کی مذمت

او آئی سی اور ایمنسٹی انٹرنیشنل یاسین ملک کو بے بنیاد اور فرضی مقدمات میں سنائی گئی سزا کے خلاف اقدامات کرکے مظلوم کشمیریوں کو انصاف دلانے میں کردار ادا کریں

سرینگر (آواز نیوز) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( آواز نیوز) کی خصوصی عدالت کی طرف سے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین کو عمر قید کی سزا کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یاسین ملک تنازعہ کشمیر کے پرامن اور جمہوری طریقے سے حل کے لیے کوششیں کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی جبر کے باوجود کشمیریوں کی طرف سے مکمل ہڑتال جیلوں اور گھروں میں نظربندآزادی پسند قیادت کے ساتھ ان کی محبت کا مظہر ہے۔میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور کشمیری عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو فریقین کے درمیان گفت و شنید کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرے ۔

یاسین ملک مجرم نہیں کشمیری قوم کے لیڈر ہیں

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں بدنام زمانہ بھارتی این آئی اے ایجنسی کی عدالت کی طرف سے یاسین ملک کو سنائی گئی سزا کو عدالتی قتل قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کی سزا مودی حکومت کی جارحانہ سوچ کا مظہر ہے جس پر کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں۔

Yasin Malik Breaking News in Urdu
Yasin Malik Breaking News in Urdu

انہوں نے کہا کہ کہ یاسین ملک کی سزا سے تحریک آزادی کمزور نہیں پڑے گی بلکہ اس میں ایک نیا ولولہ پیدا ہو گا۔جموں و کشمیر مسلم لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے سری نگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ یاسین ملک کو بھارتی این آئی اے کی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کو بے بنیاد اور فرضی مقدمات میں سنائی گئی سزا کے خلاف اقدامات کرکے مظلوم کشمیریوں کو انصاف دلانے میں کردار ادا کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماوں زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ اور ڈاکٹر مصیب نے سرینگر میں اپنے بیانات میں بھارتی عدلت کے فیصلے کی مذمت کی اور اسے انصاف کا قتل قرار دیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے مشترکہ بیان میں یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یک طرفہ اور غیر منصفانہ فیصلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بھارتی عدالتیں اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہیں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے اس سے قبل محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو پھانسی کے تختہ دار پر چڑھایا جبکہ بزرگ حریت رہنماﺅں سید علی گیلانی اور محمد اشرف صحرائی کو مسلسل غیر قانونی طور پر نظر بند رکھ کر انہیں موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان محمد یاسین ملک کو این آئی اے عدالت کی طرف سے سنائی جانے والی عمر قید کی سز ا کو انتہائی متعصبانہ قراردیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے دفاع کیلئے ہر راستے کو ناکام بنا دیا گیا۔

انہوں نے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستا ن پر زور دیا کہ وہ یاسین ملک کے خلاف عمر قید کی سزا کو منسوخ کرانے کے لیے اقوام متحدہ ، ہیومن رائٹس کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کا دروازہ کھٹکھٹائے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں اپنے بیان میں محمد یاسین ملک کے خلاف غیر منصفانہ سزا کی مذمت کرتے ہوئے اسے انصاف کا قتل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ شرمناک فیصلہ مہذب دنیا کے لیے چشم کشا ہے جس نے کشمیری رہنماو¿ں کے خلاف بھارتی حکومت کے بلا روک ٹوک عدالتی حملوںپر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

انہوں نے جاری جدوجہد آزادی میں یاسین ملک کی بے مثال قربانیوں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سرخیلوں میں سے ایک ہیںجنہوں نے بے خوف ہوکر کشمیر کاز کی وکالت کی ہے۔ محمود احمد ساغرنے کہا کہ بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو خاموش نہیں کر سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے اپنے بیان میں عدالت کے غیر منصفانہ فیصلے کو بین الاقوامی قانون اور انصاف کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کا یکطرفہ ٹرائل اور سزا بھارتی معاشرے اور نسل پرست حکومت کے مردہ ضمیر کو مطمئن کرنے کی ایک اور کوشش جو جو کشمیریوں کو تکلیف پہنچا کر اور سزائیں دے کر خوشی حاصل کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button