کشمیر

نواز شریف اور شہباز شریف کشمیر کاز سے گہرا لگائو رکھتے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کشمیر کاز سے گہرا لگائو رکھتے ہیں، حکومت بھارتی اقدام کے خلاف 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے گی، وفاقی وزیر اطلاعات کی حریت رہنما الطاف احمد بھٹ سے گفتگو

اسلام آباد(آواز نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کشمیر کاز سے گہرا لگائو رکھتے ہیں۔

دونوں رہنمائوں نے ہر فورم پر تحریک آزادی کشمیر پر بات کی، موجودہ حکومت بھارتی اقدام کے خلاف 5  اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر حریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بھٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔

انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان اور وفاقی وزیر اطلاعات کی والدہ طاہرہ اورنگزیب بھی موجود تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو 5 اگست کے بھارتی اقدام کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو لمحہ بھر کے لئے بھی نہیں بھولی، موجودہ حکومت نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5  اگست کو اٹھائے گئے اقدام کو حکومت پاکستان نے نہ پہلے تسلیم کیا تھا نہ اب تسلیم کیا ہے۔

کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ ہونا باقی ہے اور یہ مسئلہ کشمیری عوام کو استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے کر ہی حل ہو سکتا ہے۔

کشمیری اپنے پیدائشی حق کے لئے لڑ رہے ہیں جسے اقوام متحدہ نے تسلیم کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور ایک دوسرے سے الگ نہیں ہو سکتے، حریت قائدین اور کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ الطاف احمد بھٹ نے کہا کہ 5 اگست کو کئے گئے۔

بھارتی اقدامات غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی تھے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیلی طرز کی آبادیاتی تبدیلیاں لانے  میں مصروف ہے اور اب تک 40 لاکھ سے زائد ہندوئوں کو کشمیر کے رہائشی ہونے کے سرٹیفیکیٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔

جو کہ سراسر غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو دبانے کے لئے بھارت نے حریت رہنمائوں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنا کر قید کر رکھا ہے تاکہ کشمیریوں کی آواز دنیا تک نہ پہنچ سکے۔

میر واعظ عمر فاروق، شبیر شاہ، یاسین ملک، ظفر اکبر بھٹ، قاسم فکتو، آسیہ اندرابی، نعیم خان اور کئی دیگر حریت رہنما سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارتی ایجنسیوں نے سید علی گیلانی اور اشرف صحرائی کو حراست میں لے کر شہید کیا، بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے، آئے روز بھارتی فوج جعلی اور بے بنیاد کریک ڈائون اور مقابلوں کے ذریعے معصوم کشمیریوں کو قتل کر رہی ہے۔

الطاف احمد بھٹ نے کہا کہ بھارت کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام تحمل کے ساتھ تحریک آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد اور بے مثال قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ پاکستان کشمیر کا ایک اہم فریق اور حامی ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اس کے حقیقی تناظر میں حل کرنے کے لئے ضرورت کے مطابق ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

Latest Kashmir News in Urdu | Kashmir News Bulletin | Speed News Of Jammu & Kashmir | Aaj Ki Taaza Khabar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button