پاکستان

سڑکوں کا جال بچھائے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا موٹروے ایم 6 کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

سکھر(آواز نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سڑکوں کا جال بچھائے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کی بنیاد رکھی، پسماندہ اورمحروم علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ملک بھرمیں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں۔

وہ منگل کوسکھرحیدرآباد موٹروے ایم 6 کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پروفاقی وزراء مریم اورنگزیب،احسن اقبال، اسعد محمود، خورشید شاہ، امین الحق کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورعمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ایم 6 موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ ہماری مخلوط حکومت اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ رہی ہے۔

اس سے سکھر،کراچی اورحیدرآباد سمیت پورے ملک کے عوام کو فائدہ ہوگا اور اس کی تکمیل سے شمال سے جنوب موٹروے مکمل ہوجائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ 30 ماہ کی قلیل مد ت میں مکمل کیا جائے گا۔

اور306 کلومیٹر طویل اس شاہراہ پر307 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں حکومت صرف 9 ارب روپے جبکہ باقی فنڈنجی شعبہ فراہم کرے گا جو اس شاہراہ کی تکمیل پر اپنی لاگت پوری کرنے کے علاوہ منافع بھی کمائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس موٹروے کا وہی معیا ر ہونا چاہئے جو موٹروے کے باقی سیکشنز کا ہے ، اس سے کم معیار قبول نہیں کیا جائے گا، اس کےلئے تمام متعلقہ وزراء اورادارے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں اور مشترکہ کاوشوں سے اس منصوبے کا معیار اور مقرر مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے ملک کے باقی حصوں میں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مزید منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی طرف سے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کو فروغ دینے کو سراہا۔

وزیراعظم نے بلوچستان، پنجاب اور دیگرصوبوں اورحکومتوں پر بھی زوردیا کہ وہ اس ماڈل کو فروغ دیں کیونکہ اسی سے ترقی اورخوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کے مطالبے پر سکھر روہڑی پل مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا، اس منصوبے کی سابق وزیراعظم نواز شریف نے منظوری دی تھی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی صحت یابی کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موٹرویز کی بنیاد نوازشریف نے رکھی ، وہ اس کے معمار ہیں۔ وزیراعظم نے بلوچستان سے اپ کنٹری کنٹیکویٹی پر تیزی سے کام کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اوراس کی ترقی کے بغیرپاکستان کی ترقی نامکمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میری ہدایت پرگوادر کی بندرگار کو آپریشنل کرنے کےلئے گندم گوادر سے منگوائی جارہی ہے کیونکہ ہم نے پسماندہ رہ جانے والے علاقوں کو ترقی دینی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان لینڈفریٹ کی لاگت بڑھنے سمیت مختلف قسم کے عذر پیش کئے گئے لیکن ہم نے گندم کی سب سے کم بولی دینے والوں سے بھی قیمت مزید کم کرا کے نہ صرف چند ارب روپے مزید بچائے بلکہ گوادر کے ذریعے گندم منگوانے سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو بھی فائدہ ہورہا ہے۔

کیونکہ اگرپسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل نہ کیا تو قائد کے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ موٹرویز کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

تمام متعلقہ ادارے معیاری تعمیر کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے دادو، قمبر، شہداد کوٹ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین کےلئے بہترین کام کرنے پر صوبائی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی بہت سا کام کرنا باقی ہے۔

لاکھوں لوگ بے سرو سامان ہیں اور بہت مشکلات اورچیلنجز درپیش ہیں، اپنے مشکلات میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کےلئے جو کچھ بس میں ہوگا کریں گے۔

اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے جلد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور اس یقین کا اظہارکیا کہ حکومت اللہ تعالیٰ کے کرم سے ملک کو درپیش چیلنجز اورمشکلات سے نکال کرترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرے گی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے، گذشتہ ساڑھے تین سال سے اس منصوبے پر کام رکا ہواتھا اب ایم 6 پر دونوں اطراف سے کام کا بیک وقت آغاز ہوگا۔

انہو ں نے سکھر حیدرآباد نیشنل ہائی وے کی بحالی کےلئے فنڈز فراہم کرنے اور ایم 6 کا ٹول موٹروے کے باقی سیکشنزکے مطابق مقرر کرنے اور ملازمتیں مقامی لوگوں کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے سیلاب متاثرین کےلئے متعدد بار دورے کرنے پر وزیراعظم کو سراہا اورکہا کہ ابھی تک کچھ اضلاع میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے ، انہیں خیموں اورخوراک کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے ایم 6 کو معیشت کےلئے اہم ترین منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر بہت پہلے کام شروع ہوجانا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے پاس 3بندرگاہیں ہیں ان سے صحیح معنوں میں استفادے کےلئے موٹر ویزکا جال بچھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بلوچستان کو پنجاب سے ملانے کےلئے بھی موٹر وے کی تعمیر کرنے کی ضرورت پر زوردیا اوروزیر اعظم سے درخواست کی کہ کراچی، حب اور دادو شاہراہ کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے گذشتہ حکومت کی طرف سے ساڑھے تین سال تک اس منصوبے کوروکے جانے پرافسوس کا اظہارکیا۔وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پی ڈی ایم کو حکومت ملی تو ملکی معیشت تباہ حال تھی جبکہ سیلاب کے باعث ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں انفراسٹرکچر تباہ ہوکر رہ گیا تاہم اس کے باوجود حکومت نے ملکی معیشت کو بحال کیا اور ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا۔

نواز شریف نے ملک کے طول و عرض میں موٹرویز کا جال بچھانے کا جو وڑن دیاتھا اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی حکومت نے محمد شہباز شریف کی قیادت میں موٹرویز کے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے کمیونیکیشن ڈویڑن میں ڈاﺅن سائزنگ کی اور ترقیاتی منصوبوں کو روکا۔

انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم میاں شہباز شریف کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے شانہ بشانہ ہوں گے اور ملکی ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔نیشنل ہائی ویز اور انڈس ہائی ویز کی مکمل بحالی پر بھی کا م جاری رکھیں گے۔

اس حوالے سے درپیش مشکلات وزیر اعظم شہباز شریف کے سامنے رکھی جائیں گی۔جے یو آئی سندھ کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے اپنے خطاب میں کہاکہ پی ڈی ایم نے طویل جدوجہد کے بعد ملک لوٹنے والے حکمران کو گھر بھیجا اور ایک مرتبہ پھر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مشغول ہوگئے ،حیدرآباد سکھر موٹروے سندھ کے عوام کے لیے خوشخبری ہے۔

حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کیں جن پر حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے۔قبل ازیں وفاقی سیکرٹری مواصلات کیپٹن(ر) خرم آغا نے وزیراعظم کو ایم 6 منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایم 6 سات اضلاع سے گزرے گی اور اس پر15 انٹرچینجز تعمیرکئے جائیں گے۔

مجھے انگلش لینگویج کے لفظ سے ہی نفرت ہے، سعید اجمل

یہ سکس لین موٹروے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 307 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی جس میں9.5 ارب روپے حکومت فراہم کرے گی۔ یہ منصوبہ اڑھائی سال میں مکمل کیا جائے گا، ایم سکس پر 10 سروس ایریاز اور 6فلائی اوورز بنائے جائیں گے۔

اس منصوبے سے 25ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور سکھر حیدرآبادسفر کے دورانیے کا وقت آدھا ہوجائے گا۔

Shahbaz Sharif News in Urdu | News In Urdu | Prime Minister Shahbaz Sharif inaugurated M6 Motorway in Sukkur, Hyderabad | Samaa TV | 13th Dec

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button