کویت میں شاہی خاندان کی اہم شخصیات کا پاکستانی سفیر سے ملاقات
پاکستانی بزنس کمیونٹی کے وفد نے بھی کویت میں نئے پاکستانی سفیر سے ملاقات کی
کویت (آواز نیوز) کویت میں شاہی خاندان کی دو اہم شخصیات شیخہ سھیلہ سالم الصباح اور شیخ دعیج علی الصباح نے آج کویت میں پاکستان کے نئے سفیر عزت مآب ملک محمد فاروق سے ان کے دفتر میں ایک خیر سگالی ملاقات کی۔
اس موقعہ پر دو طرفہ تجارت اور باہمی تعلقات کے فروغ کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلی کویتی شخصیات نے ایک یادگاری شیلڈ بھی عزت مآب سفیر پاکستان کو پیش کی۔
عزت مآب سفیر پاکستان نے اعلی کویتی شخصیات کا ان سے ملاقات کیلئے سفارت خانہ میں آمد اور عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں کویت میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ایک وفد نے بھی آج پیر کو کویت میں نئے پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق سے ان کے دفتر میں ایک تعارفی ملاقات کی۔
پاکستان پریس کلب کے چئیرمین اور ممتاز بزنسمین طارق علی محسن نائب صدر پاکستان قرآت و نعت کونسل نے عزت مآب سفیر پاکستان سے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔
عزت مآب سفیر پاکستان نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کویت اور پاکستان کی بے مثال خدمت انجام دے رہی ہے۔
انہیں دو طرفہ تجارت میں توازن، مارکیٹ رجعان اور طلب پر توجہ دینی چاہیے۔وفد میں طارق علی محسن کے علاوہ ریحان ظفر مرزا،جنرل ٹریڈنگ اینڈ کنٹریکٹنگ،کمپنی جہانگیر علی سی ای او ھائی گرین جنرل ٹریڈنگ اینڈ کنٹریکٹنگ کمپنی، اختر نوید ڈیجیٹل پرنٹ، شہزاد احمد صدر پاکستان قرآت و نعت کونسل شامل تھے۔
سعودی وزیر داخلہ نے حج ایمرجنسی پلان کی منظوری دیدی
یہ ملاقات بڑے خوشگوار ماحول میں ہوئی، وفد کے ارکان نے مصروفیات میں سے وقت نکالنے پر عزت مآب سفیر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا عزت مآب سفیر پاکستان نے کہا کہ ان کے دروازے کمیونٹی کیلئے کھلے ہیں۔
وہ مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔