سعودی مرکز اثرا کے تحت نبی کریم ﷺ کے تبرکات کی کاپی کی نمائش
نمائش نو ماہ تک جاری رہے گی اور پھر اس کا انعقاد ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ میں کیا جائے گا
ریاض(آواز نیوز)کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر "اثرا” نے "ہجرت نمائش” کے دوران پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے تبرکات کی کاپی کو لوگوں کی زیارت کے لئے پیش کردیا۔
1287 میں وفات پانے والے مراکش کے محدث ابن عساکر کے مطابق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب بابرکت اشیا کی کاپیاں اندلس کے کاریگروں نے 13 ویں صدی میں تیار کی تھیں۔یہ نسخے عام طور پر اسلامی دارالحکومتوں میں علمائے حدیث میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔
ان علما کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور احادیث کو محفوظ کرنے اور منتقل کرنے کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔اس نمائش کا افتتاح سعودی مشرقی صوبے کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے نئے ہجری سال کے آغاز پر کیا تھا۔
نمائش کے افتتاح کے موقع پر سعودی اعلی حکام، اسلامی فن و تاریخ کے محققین، دانشوروں اور دنیا بھر سے آئے دیگر معزز مہمان موجود تھے۔یاد رہے یہ نمائش نو ماہ تک جاری رہے گی اور پھر اس کا انعقاد ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ میں کیا جائے گا۔
اس کے بعد یہ نمائش دنیا بھر کے کئی شہروں میں جائے گی۔ اس نمائش کا مقصد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک کے سفر ہجرت پر روشنی ڈالنا ہے۔
درایں اثنا شاہ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر "اثرا” کے ڈائریکٹر عبداللہ الراشد نے کہا کہ "پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر ہجرت” نہ صرف ایک نمائش ہے؛ بلکہ یہ ایک مربوط کوالٹی پراجیکٹ ہے، جسے عصری انداز میں ایک غیر معمولی اور بے مثال اسلوب میں ایک سفری عالمی نمائش کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
اس میں نوادرات اورایسی اشیا شامل کی گئی ہیں جن کا تعلق ھجرت نبوی ہے اور انہیں ماہرین کی زیرنگرانی تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اثرا سینٹر تین سال سے نمائش کی تیاری اور ڈیزائننگ پر کام کر رہا تھا۔
اس کی تیاری میں 70 سے زائد محققین اور آرٹسٹوں نے حصہ لیا اور انتہائی محنت سے اشیا ڈیزائن کیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ نمائش میں فن پاروں کا ایک گروپ دکھایا گیا ہے، جس میں ٹیکسٹائل، مخطوطات اور نوادرات کا ذخیرہ بھی شامل ہے۔ یہ نوادرات اسلامی تہذیب کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔