لندن نہیں جاﺅں گا نے قائد اعظم زندہ بادکو پیچھے چھوڑ دیا
کراچی(آواز نیوز)عید الاضحی پر ریلیز کی گئی تین پاکستانی فلموں لندن نہیں جاﺅں گا، قائد اعظم زندہ باد اور لفنگے کی کمائی کا سلسلہ جاری ہے۔
تاہم کمائی میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم نے ماہرہ خان اور فہد مصطفی کی فلم کو پیچھے چھوڑ دیا۔تینوں پاکستانی فلموں کو عید کے روز 10 جولائی کو ہولی وڈ فلم تھور: لو اینڈ تھنڈر کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں دیگر فلمیں بھی سینماﺅں میں پیش کی جا رہی تھیں۔پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ اس بار پاکستانی فلمیں زیادہ کمائی کریں گی، تاہم زیادہ تر لوگوں کا خیال تھا کہ فہد مصطفی اور ماہرہ خان کی فلم قائد اعظم زندہ باد کمائی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیں گی۔
تاہم ایسا نہیں ہوا۔پاکستانی فلموں کی کمائی پر نظر رکھنے والے پیج لولی وڈ پکچر کے مطابق لندن نہیں جاﺅں گا نے ریلیز کے پہلے دو دنوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 9 کروڑ روپے بٹورے جب کہ قائد اعظم زندہ باد نے دنیا بھر سے 6 کروڑ 80 لاکھ روپے کمائے۔
جہاں عالمی سطح پر ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم نے زیادہ کمائی کی، وہیں مقامی سینما میں بھی ان کی فلم نے فہد مصطفی اور ماہرہ خان کی فلم سے کمائی میں میدان مارا۔قائد اعظم زندہ باد نے پاکستان میں ابتدائی دو دن میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے قریب جب کہ لندن نہیں جاﺅں گا نے سوا دو کروڑ روپے کے قریب کمائی کی۔
’مس مارول‘ میں فواد خان اور مہوش حیات کی اداکاری کے چرچے
فلموں کی کمائی سے متعلق اعداد و شمار کو ہمایوں سعید اور فہد مصطفی نے بھی ری ٹوئٹ کیا۔