سروگیسی یا عورت کی تذلیل
تحریر…منزہ سیّد
حضرتِ انسان نے ارتقائی ادوار سے موجودہ دور تک ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے بے شمار ایجادات کی ہیں۔اور انہی ایجادات کے حوالے سے ہر دور کے مکاتبِ فکر میں فوائد و نقصانات،حلال و حرام اور جائز و نا جائز کے موضوعات بھی زیرِ بحث آتے رہے ہیں۔
سائنس اور طب کے میدان میں بیماریوں کی تشخیص کے لئے ٹیسٹس اور بہت سی لا علاج بیماریوں کا علاج دریافت کیا گیا جس کو پوری دنیا میں انسانیت پر احسان مانتے ہوئے سائنسدانوں کو بڑے بڑے اعزازات سے نوازا گیا۔
سائنس کی ترقی نے جہاں بہت سے نا ممکنات کو ممکن بنایا،وہیں خالقِ کائنات کی مقرر کردہ حدود وقیود اور اصول و ضوابط میں دخل اندازی کے بعد انسانیت کو شرمناک تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔جو کہ دورِ حاضر میں ”انسانیت“ اور ”آزادی“کا نعرہ بلند کرنے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔
اس لئے کہ انسانیت اور آزادی کے حوالے سے دورِ جدید کے نام نہاد ترقی یافتہ ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے لئے اولین ترجیح عورت ہے جبکہ سائنسدانوں نے عورت ہی کو کسی غیر مرد کا نطفہ منتقل کرنے کے بعد ”کرائے کی کوکھ“ یا ”سروگیٹ مدّر (surrogate mother)“کا نام دے کر نہ صرف ایک لونڈی،باندی یا کنیز بننے پر مجبور کر دیا ہے بلکہ اس کی شخصی آزادی سلب کرتے ہوئے ایک ماں کی حیثیت سے بھی اس کی بد ترین تذلیل کی ہے۔
Surrogate mother pakistan Youtube Video
آئیے! دیکھتے ہیں کہ سرو گیسی (surrogacy) کا عمل ہے کیا اور اُسے کس طرح انجام دیا جاتا ہے۔اس عمل کے لئے سب سے پہلے تو ایک عورت کرائے پر لی جاتی ہے جسے جیتی جاگتی عورت یا ماں کہنے کی بجائے ”کرائے کی کوکھ“جیسے غلیظ نام سے نوازا جاتا ہے اور پھر بچے کے خواہشمند مرد کے مادہءتولید یا سپرمز اور اس کی بیوی کا بیضہ یا انڈہ لے کر اسے ”ٹیسٹ ٹیوبز“میں بار آوری،افزائش یا فرٹیلیٹی کرنے کے بعد یا پھر ڈائریکٹ اس نطفے کو اس غیر متعلقہ عورت کی کوکھ،بچہ دانی یا یوٹرس میں ڈال دیا جاتا ہے،جس کے بعد وہ نطفہ اس عورت کے جسم سے اٹیچ یا مربوط ہو کر خوراک حاصل کرتے ہوئے نشوونما پاتا ہے۔
یوں اس عورت کو زچگی یا بچے کی پیدائش تک لونڈی بنا کر ایک غیر مرد یا اس کے منتخب شدہ ڈاکٹر کی مرضی کے مقرر کردہ اوقات اور جگہوں پر آنے جانے کی پابند کر دیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ اس عورت کو بچے کے ساتھ کسی بھی جذباتی و نفسیاتی لگا¶ کے نتیجے میں ”کا¶نسلنگ“ کے ذریعے سمجھایا یعنی دھمکایا جاتا ہے کہ تم جس بچے کی نشوونما اپنے خونِ جگر سے کر رہی ہو، وہ بچہ تمہارا ہے ہی نہیں اور زچگی کے جان لیوا مرحلے سے گزرنے کے بعد بھی تمہاری گود خالی ہی رہے گی۔
اقوام متحدہ کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کیلئے کردار ادا کرے ، حریت رہنماء
قارئین کہنے کو تو یہ بات کسی بچگانہ کھیل کا حصہ لگ رہی ہے مگر یہ ایک ایسی حقیقت ہے کہ جسے پوری دنیا میں مشہور شخصیات یا ”سیلیبریٹیز“کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے،اور ہمسایہ ملک کے اداکاروں میں تو کچھ غیر شادی شدہ یا سنگل مرد حضرات نے بھی صرف اپنے سپرمز یا مادہءتولید کے ذریعے سروگیٹ بچے ”تیار“ کروا کر باپ یا سنگل پیرینٹ بننے کا شرف حاصل کر لیاہے۔
چلئیے!مان بھی لیا جائے کہ کسی بھی بے اولاد جوڑے کو سائنسدانوں نے”سروگیسی“کے ذریعے صاحبِ اولاد بنا کر انسانیت کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔۔تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہی انسانیت اس عورت کے لئے لاگو نہیں ہوتی کہ جس کی بچہ دانی یا رحم میں کسی غیر مرد کے مادہءِ تولید کو داخل کر کے آپ نو ماہ تک اس کی آزادی سلب کرتے ہوئے اسے نفسیاتی و جذباتی طور پر لونڈی بنا کر پیسوں کے بوجھ تلے دباتے ہوئے اس کی ممتا کو موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں اور اس کا نومولود چھین کر ماں کے رتبے کی توہین کا فخریہ ارتکاب کرتے ہیں۔
دنیا کے تمام مذاہب کی تعلیمات و احکامات کی روشنی میں دیکھا جائے تو سب نے شادی کیے بغیر کسی بھی بچے کی پیدائش کو حرام اور بچے کو حرامی قرار دیا ہے اور ہر مذہب میں شادی کا تصور اسی لئے موجود ہے کہ انسان اپنی نفسانی خواہشات کی تکمیل اور افزائشِ نسل کو جائز اور حلال راستے سے کر سکے۔لہٰذا بہت سے علماءو فقہاءنے قرآنی آیات اور احادیثِ مبارکہ کے حوالے پیش کرنے کے بعد”سروگیسی“کو حرام قرار دیا ہے۔
اس لئے اگر آپ انسانیت اور عورت کی آزادی و حقوق کے تحفظ کے اتنے ہی بڑے دعویدار ہیں تو عورت کو جائز رشتے سے اپنا کر اسے اپنا نام،عزت اور تحفظ دیجیئے اور پھر اولاد حاصل کیجیئے کیونکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ عورت حساس دل کی مالک ہوتی ہے اسی لئے اسے”صنفِ نازک“ بھی کہا جاتا ہے۔
اگر عورت کو پیسے کی چمک دمک میں الجھا کر بکا مال بنا دیا گیا تو نہ صرف مجبور عورتوں کی اکثریت کے اس طرف مائل ہونے کے باعث عائلی نظام درہم برہم ہونے کا اندیشہ ہے بلکہ اس کے ساتھ ہی”کرائے کی کوکھ“سے پیدا ہو کر مختلف گھروں اور خاندانوں میں جانے والے بچوں یعنی نا معلوم بہن بھائیوں کی لاعلمی کی بنیاد پر شادیوں یا دیگر قانونی طور پر منظور شدہ جنسی اختلاط کے نتیجے میں وہ بد ترین بگاڑ پیدا ہونے کا احتمال ہے کہ جو کسی بھی مذہب میں قابلِ قبول نہیں۔
اس لئے جو لال بجھکڑ اس کارنامے کو اعضاءکی پیوندکاری اور انتقالِ خون کے تناظر میں جائز اور حلال قرار دے رہے ہیں وہ آیات پڑھنے کے باوجود بھی اسلامی تعلیمات اور اللہ اور اس کے رسول کی حکمت سے یکسر نابلد ہیں۔