شہراوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی
تحریر : محمد مظہر رشید چودھری
پاکستان مسلم لیگ( ن )کے صدرمیاں شہباز شریف کے وزیر اعظم اور حمزہ شہبازشریف کے وزیر اعلی پنجاب بننے کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) اوکاڑہ کی جانب سے شہر بھر میں جشن ،ٹینک چوک سے سکندر چوک تک ریلی کا اہتمام کیا گیا،شہر بھر میں ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے گئے۔
ہزاروں کارکنوں نے پر چوش نعروں سے ممبرقومی اسمبلی چودھری ریاض الحق جج ، ممبر صوبائی اسمبلی چودھری حبیب الحق ،ممبر صوبائی اسمبلی میاں یاور زمان ، رہنما مسلم لیگ (ن) فیاض ظفر چودھری ، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد منیر ، رہنما اکبر علی خاں کا استقبال کیا ، مسلم لیگ (ن) کے سابقہ کونسلراپنے اپنے وارڈ سے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ریلی میں شامل ہوتے رہے۔
سابقہ چیئرمین بلدیہ چودھری محمد اظہر ،منظور احمد سپرا ایڈووکیٹ ،لیاقت علی بھولا ، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ، مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ ، مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ ، مسلم لیگ (ن) کسان ونگ کے سینکڑوں کارکنوں نے ریلی میں شرکت کی۔
ممبر قومی اسمبلی چودھری ریاض الحق جج نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین پاکستان اور قانون کی بالادستی کے لیے جو فیصلہ کیا وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
جمہوری عمل کے تحت صوبے اور وفاقی میں مسلم لیگ( ن) اور اتحادیوں کے تعاون سے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں حمزہ شہباز منتخب ہوئے۔
یہ جمہوریت کی جیت ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور اب بھی بھرپور طریقے سے عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے ہمارے پاس وقت بہت کم ہے اس کے باوجود ہم کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر عوام کو مہنگائی اور بے روز گاری سے نجات دلائیں گے۔
سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے جس کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے ، ممبر ان صوبائی اسمبلی چودھری منیب الحق ، میاں یاور زمان نے کہا کہ حمزہ شہبازشریف ایک جمہوری عمل کے تحت صوبے کے وزیر اعلی بنے آج وفاق اور صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن )کی حکومت ہے۔
اتحادی جماعتوں کی وجہ سے جمہوریت جیت گئی، سلیکٹڈ کی حکومت چلی گئی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور اب بھی بھرپور طریقے سے عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
سابقہ کونسلر اکبر علی خاں کی قیادت میں حمزہ شہباز کے وزیراعلی بننے پر( ن) لیگ کی ریلی سندھی محلہ، لالہ زار کالونی سے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ٹینک چوک پہنچی ، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اورمٹھائیاں تقسیم کی گئیں، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد منیر ، رہنما فیاض ظفر چودھری نے کہا کہ حمزہ شہباز حقیقی وزیر اعلی بن کرپنجاب کو ترقی کی طرف لے کر جائینگے، ریلی ٹینک چوک سے ایم جناح روڈ، راوی روڈ ، تحصیل روڈسے ہوتی ہوئی سکندر چوک پہنچی۔
دیگر مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف نے وزیراعظم بنتے ہی مہنگائی پر قابو پا لیا اور پٹرول کو نہ بڑھا کر عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دیاانہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظیم عمران نیازی نے ملک کو تاریکیوں میں ڈبو دیا لیکن میاں شہباز شریف ملک کو ان تاریکیوں سے نکالیں گے۔
اور میاں حمزہ شہباز ایک حقیقی وزیراعلی بن کر پنجاب کو ترقی کی جانب لے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ اب عوام کو ایک حقیقی وزیراعلی ملے گا حمزہ شہباز اپنے والد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پنجاب کی خدمت کریں گے۔
مقررین نے کہا کہ اوکاڑہ پہلے بھی مسلم لیگ (ن )کا تھا اب بھی اوکاڑہ شیر کا شہر ہے اور آنے والے الیکشن میں اوکاڑہ کی عوام ثابت کرے کی کہ اوکاڑہ مسلم لیگ (ن )کا قلعہ ہے۔
سانچ کے قارئین کرام ! ضلع اوکاڑہ اُن اضلاع میں شامل ہے جہاں 2018کے جنرل الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کی چار اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستیں جیتی تھیں ایک نشست پرآزاد امیدوار جگنو محسن کامیاب ہوئیں تھیں جنہوں نے گزشتہ ماہ(مارچ) مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ سانچ کے قارئین کرام کو جنرل الیکشن کے نتائج پر لکھے کالم میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ آزاد امیدوار جگنو محسن کو مسلم لیگ (ن) کی حمایت حاصل رہی تھی۔
اگرچہ اُنہوں نے ساڑھے تین سال تک بطور آزاد امیدوار پنجاب اسمبلی میں اپنا کردار ادا کیا ، گزشتہ رات کی مسلم لیگ (ن) کی ریلی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ دیگر جماعتوں کو آئندہ انتخابات میں یہاں سے کامیابی کے لیے بھر پورمحنت کی ضرورت ہوگی۔
Famous Urdu Columnist M Mazhar Rasheed | Shahbaz sharif with zardari Video News