کالم و مضامین

منفی پروپیگنڈا مہم۔۔۔!

Famous Urdu Columnist Khalid Khan
Famous Urdu Columnist Khalid Khan

وطن عزیز پاکستان خوبصورت اور قدرتی دولت سے مالا مال ملک ہے۔بلاشبہ پاکستان سونے کی چڑیا ہے،آزادی کے ابتدائی ایام سے اس پر گِدھوں کی نظریں ہیں لیکن افواج پاکستان کی بدولت ہمارا ملک محفوظ ہے اور جب تک سورج چاند رہیں گے۔

تو پاکستان بھی قائم ودائم رہے گا،انشاء اللہ العزیز۔” آرمی چیف جنر ل قمر جاویدباجوہ کی زیر صدارت79ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرزاورفارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی،شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، نیشنل سیکورٹی چیلنجزاور روایتی وغیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

شرکاء نے پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا مہم کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور قرار دیا کہ بعض عناصر گمراہ کن مہم کے ذریعے ادارے اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کررہے ہیں۔

قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے،پاک فوج ہمیشہ ریاستی اداروں کیلئے کھڑی ہوئی ہے۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ہمیشہ بلا امتیاز ریاستی اداروں کا تحفظ کرتی رہے گی۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔

ملکی جغرافیائی سرحدوں اور خود مختاری کا دفاع کرتی رہے گی اور ہر قسم کے بیرونی اور داخلی خطرات سے ہر قیمت پر نمٹے گی۔فارمیشن کمانڈرز نے آئین اور قانون کی حکمرانی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے عسکری قیادت کے فیصلے پر بھرپور اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے واضح پیغام بھی دیا گیا کہ پوری فوج آئین اور قانون پر عمل پیرا ہے، پروپیگنڈا مہم چلانے والوں تک پہنچ گئے ہیں، جو بھی ہوجائے،فوج قومی سلامتی پر کھبی کمپرومائز نہیں کریگی۔

” علاوہ ازیں ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے پریس بریفنگ میں واضح کیا کہ” قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ میں سازش کا ذکر نہیں ہے۔

افواج پاکستان کی قیادت کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلائی جارہی ہے،افواہوں کی بنیاد پر کردار کشی کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے،یہ مہم پہلے کامیاب ہوئی اور نہ اب ہوگی۔پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فوج کو سیاست میں مت گھسیٹں۔عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

آرمی چیف ایکٹیشن نہیں چاہتے، وہ وقت پر ریٹائرڈ ہونگے، جوہری اثاثوں کی بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔فوج کسی کو این آر او دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔اگر کوئی دھمکی موصول ہوئی تو وہ وزارت داخلہ دیکھتی ہے۔

"قارئین کرام!ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن عناصر کو اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملت کوافواج پاکستان پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے۔ افواج پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔

عوام اور فوج کے درمیان کسی مائی کا لعل خلیج پیدا نہیں کرسکتا ہے کیونکہ فوج میں افسران اور جوان اسی قوم کے بیٹے ہیں۔ قوم افواج پاکستان سے بے حد محبت اور ان کی احترام کرتی ہے۔

جب بھی ملک میں ناگہانی صورت پیدا ہوئی ہے چاہیے وہ زلزلہ یا سیلاب یاکسی اورصورت میں ہو، افواج پاکستان کے افسران اور جوان فوراً مدد اور ریسکیو کیلئے پہنچے ہیں۔افواج پاکستان خانہ شماری، مردم شماری، الیکشن سمیت دیگر اموار میں ریاستی اداروں کی معاونت بھی کرتی ہے۔

ہمارے افسران اور جوان دن رات پاک سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔افواج پاکستان آئین اور قانون کے مطابق اپنا کام کررہی ہیں۔سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے دائرہ میں کام کریں، جب وہ قانون اور آئین کی پابندی نہیں کرتے ہیں تو اس وقت بحران پیدا ہوجاتا ہے۔

جب وہ قانون اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو لازمی بات ہے کہ ریاستی اداروں کو ایکشن لینا پڑتا ہے کیونکہ ریاست کی حفاظت اداروں کی اولین ذمہ داری ہے اورعدالتیں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ شومئی قسمت گذشتہ کچھ عرصے سے سیاست میں جھوٹ اور فریب بہت زیادہ شامل ہوگیا ہے۔

سیاست دان بسااوقات قوم سے ایسے وعدے کرلیتے ہیں جو بعد میں وہ پورے نہیں کرتے یا نہیں کرسکتے ہیں تو ان کے لئے مسائل درپیش ہوجاتے ہیں۔

اس دوران وہ مزید جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں جس سے ملک و ملت کا نقصان ہوجاتا ہے۔الیکشن کمیشن اور اداروں کو چاہیے کہ وہ سیاست دانوں کو چیک کیا کریں اور ان کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا سسٹم بنائیں۔

سیاست میں جھوٹ، فریب اور الزامات پر مکمل اور عملی پابندی لگانی چاہیے، جھوٹ، فریب اور الزامات کا سہارا لینے والے سیاست دانوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، ان پرسیاسی سرگرمیوں کی پابندی لگنی چاہیے اور ان کو سیاست کی قطعی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

بعض سیاست دان اداروں کی قیادت سے خود رابطے کرتے ہیں اور بعد میں ان پر الزام تراشی کرتے ہیں۔حالیہ بحران میں پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ میں سازش کا ذکر نہیں ہے۔

لہذا اب یہ باب بند ہونا چاہیے، غداری اور کفر کے فتوے بھی بند ہونے چاہییں۔ سب کو معلوم ہے کہ کون کتنا پاک،صاف، مخلص اور ایمان دار ہے۔

سیاسی مفادات کو زندگی اور موت کا مسئلہ نہ بنائیں۔ خدا را! قوم کو ذاتی مفادات کیلئے گمراہ نہ کریں بلکہ اپنی روش بدلیں۔ ملک اور ملت کے بہتر مستقبل کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہ کریں۔استوار تعلقات سے ملک سفارتی اور معاشی لحاظ سے کامیاب،کامران ا ور مضبوط ہوجاتا ہے۔

ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے استدعا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر نظریں جمائیں جو بھی ملک اور اداروں کے خلاف مواد شیئر کریں یا پروپیگنڈا کریں، ان کو فی الفور پابند سلاسل کریں، ان کو عدالتوں میں پیش کریں اور ایسے عناصر کو بے نقاب کریں۔

الیکشن یا خانہ جنگی؟؟

جعلی اکاؤنٹ اور آئی ڈیز بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں اورملک و ملت کو دشمن عناصر سے بچائیں۔ اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا سلسلہ ہمیشہ کے لئے ختم کروائیں، وقت کا تقاضا ہے کہ پروپیگنڈے کرنے والے عناصر کی سرکوبی ناگزیر ہے۔

علاوہ ازیں فوجی قیادت پر الزامات نہیں لگانے چاہییں اور ان کے خلاف کوئی پروپیگنڈا نہیں کرنا چاہیے۔ افواج پاکستان کے افسران اور جوان ہمارے سروں کے تاج ہیں،افواج پاکستان ہماری ہے اور ہمیں اپنی افواج کی عزت اور احترام کرنا چاہیے۔

اپنے کردار، افعال اور گفتار سے دشمن پر ثابت کرنا چاہیے کہ ہم اپنے ملک اورافواج پاکستان سے پیار اور محبت کرتے ہیں۔ افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

Mian Nawaz with Army Chief of Pakistan video

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button