بین الاقوامی

طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے پاکستان کو پڑوسی ملک افغانستان سے پناہ گزینوں کی آمد کے نئے سلسلے کا سامنا ہے، اقوام متحدہ

جنوری 2021 سے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان پناہ گزینوں نے پاکستان کا رخ کیا ہے، ترجمان یو این ایچ سی آر قیصر خان

اسلام آباد (آواز نیوز) اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے کہا ہے کہ طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے پاکستان کو پڑوسی ملک افغانستان سے پناہ گزینوں کی آمد کے نئے سلسلے کا سامنا ہے۔

ہر سال 20 جون کو منائے جانے والے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) پاکستان کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے کہا کہ جنوری 2021 سے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان پناہ گزینوں نے پاکستان کا رخ کیا ہے۔

قیصر خان آفریدی نے کہا کہ یو این ایچ سی آر کو اس بات کا علم ہے کہ جنوری 2021 سے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افغان پناہ گزینوں کی پاکستان آمد کی اطلاع ہے، تاہم عالمی تحفظ کے ضرورت مند افغان شہریوں کی مجموعی تعداد اس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فی الحال حکومت پاکستان کے ساتھ سیاسی پناہ کے متلاشیوں کی رجسٹریشن اور دستاویزات کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔

برطانیہ میں مقیم سکھ کمیونٹی کا بھارت سے آزادی کا مطالبہ

قیصر خان آفریدی نے کہا کہ کمیشن کے رضاکارانہ وطن واپسی کے پروگرام کے تحت 2022 کے آغاز سے اب تک صرف 850 مہاجرین پر مشتمل 185 خاندان جنگ زدہ ملک میں واپس آئے ہیں، تاہم یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران وطن واپسی کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر واپس بھیجے گئے خاندانوں کو ان کی مدد کےلئے ایک گرانٹ ملتا ہے تاکہ وہ اپنی زندگی اور برادریوں کی تعمیر نو کر سکیں۔

اس سلسلے میں یو این ایچ سی آر وطن واپس آنے والے ہر خاندان کو 250 ڈالر کی مالی مدد فراہم کرتا ہے۔

قیصر آفریدی نے کہا کہ یو این ایچ سی آر اس بات کی حمایت کرتا ہے کہ مہاجرین کی واپسی رضاکارانہ ہونی چاہیے اور پناہ گزینوں کی حفاظت، وقار اور سلامتی کے حالات میں ہونی چاہیے۔

اس سلسلے میں افغان مہاجرین کے چیف کمشنر سلیم خان نے کہا کہ افغانستان میں اقتصادی اور سیاسی پیش رفت کے علاوہ گزشتہ دو سالوں میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کی وجہ سے بھی وطن واپسی کا عمل سست روی کا شکار رہا۔

انہوں نے بتایا کہ اس عمل میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کچھ بحالی اور تیزی نظر آئی ہے تاہم اس وقت مستقبل کے رجحان کی پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہے۔ اس رجحان کا تعین کرنے میں مزید 2مہینے لگیں گے۔

Latest Afghanistan News in Urdu – Breaking News in Urdu

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button