پاکستان

مشکلات ضرور ہیں لیکن پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا

معیشت دباﺅ کا شکار ہے جلد حالات بہتر ہو جائیں گے،سپیکر قومی اسمبلی

لاہور (آواز نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

معیشت دباﺅ کا شکار ہے جلد حالات بہتر ہو جائیں گے، ہمیں آ پس میں مل کر مشکلات کا سامنا کرنا ہے اور اس کا حل ڈھونڈنا ہے،سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آ سکتا ہے۔

آ ئین و قانون پر عملدرآ مد سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے،کوئی ملک غیر یقینی کی صورتحال میں ترقی نہیں کر سکتا،الزامات کی سیاست کو ختم ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پی پی پی کی رہنما بیگم شمیم نیازی کی رہائشگاہ پر ان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی ، اسلم گل ، جمیل منج ، حاجی عزیزالرحمان چن، فیصل میر، آ صف ناگرا، عاطف رفیق، امجد جٹ، راجہ شبیر، افنان بٹ، چوہدری ریاض، میاں ایوب، انجم بٹ ودیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی بجائے آپس میں مل بیٹھ کر ملک کو درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

پاکستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کو جدوجہد کرنی چاہیے اور پارلیمان کو عزت دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں معیشت کے حوالے سے کٹھن حالات ہیں، مہنگائی اوربیروز گاری ہے جبکہ پاکستان میں بھی معیشت دباﺅ میں ہے ، ان مشکلات سے نکلنے کا واحد حل سیاسی استحکام ہے، ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے ملک میں ساز گار ماحول قائم کرنا ہو گا تا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے ملک کو مسائل سے نکالا جا سکے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بڑا تابناک ہے، پاکستانی عوام بڑے محنتی،قابل اورمحبت کرنے والے ہیں، پاکستان اللہ تعالی کی مہربانی اور عوام کی قوت سے ہر قسم کی مشکلات سے جلد باہر نکلے گا، پاکستان ایک جماعت کا نہیں بلکہ ہم سب کا ملک ہے۔

ایک سوال کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے کیونکہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا ملک ترقی نہیں کرے گا۔

جب سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام بھی آجا ئے گا،یہ دونوں لازم و ملزوم ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوکر ملک کو درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاست دانوں پر کیسز بنتے رہتے ہیں کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں جس کے رہنماﺅں پر مقدمات درج نہ ہوں، کئی بار کیس بعد میں درج ہوتا ہے جبکہ میڈیا ٹرائل پہلے ہی شروع ہو جاتا ہے، ایک دوسرے کے چہرے کو داغ دار کرکے خود کو روشن کرنے کا رواج بن گیا ہے۔

ملک کی ترقی و استحکام کیلئے ہمیں اس گند سے باہر نکلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسحاق ڈار کی صدر مملکت سے ملاقات مثبت بات ہے کیونکہ رابطے منقطع نہیں ہونے چاہیں۔

عمران خان کو پی ٹی آئی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک فیملی کی طرح ہے اور بیگم شمیم نیازی پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ پورے جذبے کے ساتھ پارٹی کے ساتھ کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری پارٹی ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہے۔

Raja Pervez Ashraf News in Urdu | Latest News in Urdu | Speaker National Assembly Raja Pervez Ashraf Meets PM Shahbaz Sharif

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button